کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے کرنسی نوٹ قرنطینہ میں رکھنے، جلانے کا فیصلہ

1439

سیئول : چین سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس  کی وجہ سے دنیا بھر میں چار ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہےجبکہ چونسٹھ ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

چین میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد کم ہوئی تاہم باقی ممالک میں تیز رفتاری سے اس کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، ایران ،اٹلی اور جنوبی کوریا میں صورت حال نہایت مخدوش ہو چکی ہے۔

ایسے میں دنیا بھر کی حکومتیں اور طبی ادارے عالمی ادارہ صحت کے بتائے گئے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بھی ممکن بنا رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے کچھ دنوں قبل خبردار کیا تھا کہ دیگر چیزوں کے علاوہ یہ وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تشخیص ، اینگرو کارپوریشن کا کراچی میں دفتر بند

اسی خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے جنوبی کوریا کے مرکزی بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ تمام کرنسی نوٹ دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھ رہا ہے تاکہ اس پر کورونا وائرس کے اثرات اگر ہوں تو ختم ہوجائیں بلکہ بینک کی جانب سے کچھ مقدار میں نوٹوں کو جلایا بھی گیا ہے۔

بینک آف کوریا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹوں کو زیادہ درجہ حرارت میں صاف کرنے کے عمل سے بھی گزارا جائے گا اور اس کے بعد دوبارہ جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس سے پاکستان کو تقریباََ پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک  

بینک کے ایک عہدیدار کے مطابق ’مقامی بینکوں سے مرکزی بینک میں آنے والے نوٹوں کو بینک آف کوریا ایک تجوری میں 2 ہفتے کے لیے رکھے گا کیونکہ اب تک معلوم ہوا ہے کہ یہ وائرس عموماً 9 دن میں مرجاتا ہے‘۔

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ساڑھے سات ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 54 افراد ہلاک اور 247 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

جنوبی کوریا کے تمام علاقوں سے گندے اور پھٹے ہوئے کرنسی نوٹوں کو جمع کرنے کا معمول کے عمل کو بھی پہلے سے زیادہ سخت کیا گیا ہے تاکہ ملک میں وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس عالمی معیشت کو دو کھرب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے: اقوامِ متحدہ

جنوبی کوریا میں نقد رقم کو جمع کرنے کے اس معمول کے عمل کے دوران نوٹوں کو 2 سے 3 سیکنڈ کے لیے 150 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں رکھا جاتا ہے اور پیک کرنےک ے بعد 42 ڈگری سینٹی گریڈ میں رکھا جاتا ہے تاکہ جراثیموں کا موثر طریقے سے خاتمہ کیا جاسکے۔

اس سے قبل چینی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے وائرس کی روک تھام کے لیے بینکوں کو کرنسی نوٹوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے خشک مقام پرسات  دن تک رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here