اسلام آباد: ترکمانستان کے سفیر موولامو اتاجن (Movlamov Atajan) اورچیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (ٹی پی سی ایل) محمت میرات امانو (Muhammetmyrat Amanov) نے وزیرِ توانائی عمر ایوب خان اور مشیر پیٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق سی ای او تاپی کمپنی نے عمر ایوب اور ندیم بابر کو ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-انڈیا (تاپی) کے منصوبے پر پاکستان اور خطے کو حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کیا۔
وزیر توانائی عمر ایوب نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق پیشرفت کو سراہا اور منصوبے کی کامیابی پر عملدرآمد کے لیے موجودہ حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ منصوبہ تمام متعلقہ ممالک کے لیے مختلف ذرائع توانائی درآمد کرنے کے علاوہ سماجی انفراسٹرکچر پروگرامز اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ حکومت منصوبے پر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، ندیم بابر نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام حائل رکاوٹوں کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔