لاہور: اسلم آر خان کو پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا نیا چئیرمین تعینات کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک خط میں بتایا ہے کہ اسلم خان کو چئیرمین قومی ائیرلائن تعینات کر دیا گیا ہے، بطور چئیرمین اسلم خان نے بروز سوموار 9 مارچ کو ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔
پی آئی اے نے خط میں مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔
یہ بھی بتانا ضروری ہےکہ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے ائیر مارشل ارشد ملک کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تعیناتی کے معاملے سے متعلق کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔
ایڈیشنل اٹارنی آف پاکستان نے سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید متعلقہ کیس کے حوالے سے کورٹ میں پیش ہونا چاہتے ہیں جبکہ ائیر مارشل کے وکیل نعیم بخاری نے اُن سے مشاورت کے بعد کورٹ میں جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی تھی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ائیر مارشل کی بطور چیئرمین پی آئی اے تعیناتی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی افسر بیک وقت دو عہدے نہیں رکھ سکتا۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ارشد ملک کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ائیر مارشل کو ایک عہدہ اپنانے کا کہا تھا۔
دورانِ سماعت ایک جج نے کہا تھا کہ ائیر مارشل پاکستان ائیر فورس سے مستعفی ہو کر مستقل طور پر پی آئی اے میں شمولیت اختیار کر لیں کیونکہ دو کی بجائے ایک ہی عہدہ رکھا جا سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ پی آئی اے کو مستقل چئیرمین کی ضرورت ہے جو پیشہ ورانہ بنیاد پر ائیر لائنز کے معاملات سنبھال کرادارے کو منافع بخش بنا سکے۔
سپریم کورٹ نے ارشد ملک سے آئندہ سماعت تک آخری فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے مارچ کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کر دی تھی۔
تاہم اب قومی ائیر لائن نے ارشد ملک کی بجائے اسلم آر خان کو ادارے کا چئیرمین تعینات کر دیا ہے۔