اسلام آباد: سینیٹ میں لیڈر آف دی ہائوس سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ افراطِ زر میں کمی آ رہی ہے اور اگر یہ رجحان جاری رہتا ہے تو لازمی طور پر شرح سود میں کمی کی جائے گی۔
انہوں نے سرکاری نیوز ایجنسی سے اپنے ایکسکلوزیو انٹرویو میں کہا کہ زیادہ شرح سود کے باعث انویسٹرز اپنی رقم بنکوں میں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور کاروبار کرنے کا خطرہ مول نہیں لیتے۔
سید شبلی فراز نے کہا کہ برآمدات کے لیے سازگار ماحول کے باعث اس اَمر کی بہت زیادہ ضرورت ہے کہ پیداوار بڑھائی جائے تاکہ صنعتی ترقی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے کا ملکی برآمدات میں نمایاں ترین حصہ ہے۔ لیڈر آف دی ہائوس کا کہنا تھا، ہمیں ٹیکسٹائل، آٹے اور چینی کی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کے قابل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں کے باعث گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور تجارتی خسارہ بھی کم ہوا ہے۔