سروسز سیکٹر، خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کا رجسٹریشن ویک آج (9 مارچ) سے شروع ہو گا

682

پشاور: خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے سروسز سیکٹر سے منسلک کاروباری افراد کے لیے صوبہ بھر میں رجسٹریشن ہفتہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پشاور میں رجسٹریشن کا آغاز آج (9 مارچ) سے ہو گا اور یہ 12 مارچ تک جاری رہے گا۔

کے پی آر اے کے ڈائریکٹر جنرل فیاض علی شاہ کی ہدایت پر پشاور میں اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز اور بنوں، مردان اور ایبٹ آباد کے علاقائی دفاتر سے ٹیمیں مختلف مقامات پر موبائل رجسٹریشن دفاتر بنائیں گی جہاں سروسز سیکٹر سے منسلک کوئی بھی شخص آ سکتا ہے اور اتھارٹی کے ساتھ اپنا کاروبار رجسٹر کروا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخواہ ریونیو اتھارٹی میں تین سال کے دوران 11 ہزار نئے ٹیکس دہندگان کا اندراج

اتھارٹی کا ہر علاقائی دفتر مختلف تاریخوں میں رجسٹریشن کرے گا۔

فیاض علی شاہ نے اس مہم کے حوالے سے پیغام میں کہا، ٹیکس ادا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ ٹیکس کی رقم ہی ہوتی ہے جو مالی تناظر میں حکومت کو آپ کے علاقوں میں منصوبے شروع کرنے کے قابل بناتی ہے۔ آپ کے ٹیکس کی رقم سے ناصرف صوبہ معاشی طور پر خودانحصار ہوتا ہے بلکہ ڈویلپمنٹ کے باعث خوشحالی آئے گی اور کاروبار اور تجارت کے شعبوں میں واضح ترقی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا، ہم رجسٹریشن ہفتہ اس لیے منا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو آسانی فراہم کی جا سکے اور ان کی دردِ سر دور کرنا بھی پیشِ نظر ہے۔ سروسز سیکٹر سے منسلک کوئی بھی شخص ہمارے موبائل رجسٹریشن دفتر آ سکتا ہے اور اتھارٹی کے ساتھ اپنا کاروبار رجسٹر کروا سکتا ہے۔

بنوں ریجن میں رجسٹریشن کے لیے مخصوص کیا گیا ہفتہ 16 مارچ سے شروع ہو گا اور یہ 20 مارچ کو ختم ہو گا جب کہ مردان اور مالاکنڈ ریجنز میں رجسٹریشن کے لیے ہفتے کا آغاز 24 مارچ کو ہو گا۔

اسی طرح، ایبٹ آباد میں رجسٹریشن ویک 30 مارچ سے شروع ہو کر تین اپریل کو ختم ہو گا۔

رجسٹریشن ویک کے دوران کے پی آر اے ٹیمز ہر ریجن میں موبائل رجسٹریشن سنٹرز پر موجود ہوں گی اور کوئی بھی آسانی کے ساتھ اپنا کاروبار رجسٹر کروانے میں مدد حاصل کر سکتا ہے یا رجسٹریشن یا ٹیکس فائلنگ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتا ہے۔

لوگ کے پی آر اے کے ساتھ واٹس ایپ اور ٹیلی فون پر براہِ راست بھی رابطہ کر سکتے ہیں یا سروسز کے کاروبار کی رجسٹریشن اور اس پر عائد سیلز ٹیکس کے متعلق معلومات کے حصول کے لیے ویب سائٹ بھی وزٹ کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کا بی پی او سروسز پر ٹیکس 16 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کرنے کا مطالبہ

خیبرپختونخوا فنانس ایکٹ 2013 کے مطابق، صوبے میں سروسز فراہم کرنے والے ہر کاروبار کے مالک کے لیے سیلز ٹیکس ادا کرنا لازمی ہے۔

سروسز پر سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے لیے یہ ضروری ہے کہ کاروبار اتھارٹی کے ساتھ منسلک ہو۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here