اسلام آباد: بورڈ آف انوسٹمنٹ (بی او آئی) کے چیئرمین زبیر گیلانی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
یہ اعلان وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کی گئی مختصر پریس ریلیز میں کیا گیا ہے۔
زبیر گیلانی کو جولائی 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے بورڈ آف انوسٹمنٹ کا سربراہ مقرر کیا تھا جن کا عہدہ وزیر مملکت کے مساوی تھا اور انہوں نے ذاتی وجوہات کو اپنے مستعفی ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔
بی او آئی کے سربراہ کے طور پر ان کی نمایاں ترین ترجیحات میں اہم شعبوں میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ اور مقامی پیداوار کو بڑھا کو درآمدات میں کمی کرنے کے علاوہ کرنٹ اکائونٹ میں اضافہ کرنا تھا تاکہ مکمل معاشی خودمختاری کا ہدف حاصل کیا جا سکتا۔
زبیر گیلانی وزیراعظم کے پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے منصوبے کی پالیسی اور انتظامی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے ذریعے قیادت کر رہے ہیں۔
وہ وزارتِ بحری امور کی ایڈوائزری کونسل کے رُکن بھی ہیں۔
زبیر گلانی نے 1989 میں بی سی سی آئی میں ملازمت اختیار کر کے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بعدازاں امریکن ایکسپریس بنک سے منسلک ہو گئے۔ انہوں نے 1994 میں فیصل بنک میں شمولیت اختیار کی جہاں وہ کارپوریٹ اور انوسٹمنٹ بنکنگ میں سینئر انتظامی عہدوں پر مامور رہے۔
زبیر گیلانی نے 2001 میں کراچی کے ایک اپیرل مینوفیکچرنگ یونٹ کے شیئرز خرید لیے۔ اس کمپنی نے جلد ہی جدید ترین ٹیکنالوجی حاصل کر کے اپنی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھایا اور یہ نمایاں یورپین برانڈز کو فیشن مصنوعات سپلائی کرنے لگی۔