کورونا وائرس سے پاکستان کو تقریباََ پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک  

پاکستان میں زراعت، تجارت ، صحت اور سیاحت کے شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، عالمی سطح پر 347 ارب  ڈالر کا معاشی خسارہ ہو سکتاہے: رپورٹ

739

منیلا: دنیا بھر کی کورونا وائرس کے خوف سے مندی کا شکار ہیں وہیں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کی معیشت اور اس پر کورونا وائرس کے منفی اثرات کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پاکستان تقریباََ پانچ ارب ڈالر نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے ’’کووڈ 19 (کورونا وائرس) کے ترقی پذیر ایشیائی معیشتوں پر اثرات‘‘ کے نام سے ایک تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائرس کی تباہ کاریاں جاری رہیں تو پہلے سے گراوٹ کا شکار پاکستان کی مجموعی پیداوار میں مزید 1.57 فیصد کمی آ سکتی ہے اور زراعت، تجارت ، صحت اور سیاحت جیسے شعبوں میں ملک کو 16.387 ملین ڈالر سے لے کر 4.95 ارب ڈالر کا نقصان خدشہ ہے ۔

تاہم معاشی نقصان کا انحصار اس بات پر بھی ہوگا کہ وبا آئندہ دنوں میں کیا رخ اختیار کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: عالمی ایوی ایشن انڈسٹری  شدید متاثر، 113 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ

رپورٹ میں جن شعبوں کی نشاندہی کی ہے عالمی سطح پر ان شعبوں میں 77 ارب ڈالر سے لے کر 347 ارب  ڈالر تک معاشی خسارہ ہو سکتا ہے اور عالمی مجموعی پیدوار کو 0.1 سے 0.4 فیصد تک گراوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اے ڈی بی کے چیف اکانومسٹ یاشویوکی سوادا کہتے ہیں کہ وائرس کے بارےمیں کافی غیر یقینی کی صورت حال پائی جا رہی ہے اور یہی مسئلہ اس سے جڑے معاشی اثرات کا ہے۔

 ’’معاشی نقصانات کی زیادہ حقیقی تصویر پیش کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ جائزوں کی ضرورت ہے ، ہمیں امید ہے کہ موجودہ تجزیے سے حکومتیں وائرس کے انسانی زندگی اور معیشت پر  منفی اثرات کے حوالے سے زیادہ فیصلہ کن اقدامات کریں گی۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:کورونا وائرس: ایران کی کرنسی نوٹوں کم استعمال کرنے کی ہدایت، امریکاکے پاس ٹیسٹنگ کٹس ناکافی

واضح رہے کہ چین کے کورونا وائرس سے سب سےزیادہ متاثرہ صوبے ہوبئی میں وائرس کی نشاندہی ، علاج اور دیگر طبی ضروریات کیلئے اے ڈی  بی نے 7 فروری کو 20 لاکھ ڈالر امداد جاری کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اسکے بعد 26 فروری کو تمام رکن ممالک میں حفاظتی انتظامات اور علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مزید 20 لاکھ ڈالر جاری کیے گئے ۔

بینک نے چین کے شہر ووہان میں وائرس کے متاثرین کو ادویات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ادویہ ساز کمپنی ’’جوائنٹ ٹائون فارماسیوٹیکل گروپ ‘‘ کیلئے نجی نوعیت کے 18.6 ملین ڈالر قرض کی منظوری بھی دی۔

ادھر چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں اب تک اس بیماری سے مجموعی طور پر3042 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ  80500 سے زائد افراد متاثر ہو کر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اگرچہ زیادہ تر انفیکشنز اور اموات چین میں ہی ہوئی ہیں تاہم اب جنوبی کوریا ، ایران اور اٹلی سمیت متعدد ممالک میں بھی یہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہی ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ ہو چکی ہے جبکہ کراچی میں ایک متاثرہ شخص کو صحت یابی کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here