لندن: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے کہا ہے کہ انہوں نے سنگاپور سے آنے والے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد لندن میں واقع اپنا دفتر عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
فیس بک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انکے سنگاپور میں قائم دفتر سے ایک ملازم نے لندن آفس 24 سے 26 فروری 2020 تک کے لیے دورہ کیا تھاجس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ “ہم اپنے لندن آفس کو سوموار تک صفائی کے لیے بند کر رہے ہیں اور تب تک کے لیے دیگر ملازمین گھروں سے کام کریں گے”۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اُن ملازمین کی نشاندہی کر رہے ہیں جنہوں نے براہِ راست متاثرہ شخص کو چھوا، ایسے ملازمین کو اپنے طور پر تنہا رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی قسم کی علامات کے بارے میں قبل از وقت پتا لگایا جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 91 ممالک میں ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 3400 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
برطانیہ کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک برطانیہ میں 163 افراد میں کرونا وائرس کی علامات کے نمونے مثبت آئے ہیں اور ایک شخص جان کی بازی ہار چکا ہے۔