ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی ایوی ایشن انڈسٹری کو 113 ارب ڈالر نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے اور یہ نقصان اتنا ہی بھاری ہے جتنا 2008 کے عالمی معاشی بحران کے وقت دنیا بھر کی ائیر لائنز کو اٹھانا پڑا تھا۔
حال ہی میں یورپ کی واحد آزاد ائیرلائن Flybe دیوالیہ ہو گئی ہے جس کے بعد ماہرین خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزید فضائی کمپنیاں معاشی مسائل کا شکار ہو سکتی ہیں۔
جنوری میں Flybe دیوالیہ پن سے بہ مشکل محفوظ رہی تھی جب برطانوی حکومت نے ہوائی سفر کرنے والوں سے مختلف قسم کے ٹیکسز کی وصولی پر نظر ثانی کا عندیہ دیا تھا ، ائیرلائن نے حکومت سے 100 ملین یورو قرضہ بھی مانگا تھا تاہم برطانوی حکومت نے قرضہ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ائیرلائن نے پروازیں بند کردی ہیں۔
چین کے علاوہ دیگر ممالک میں وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس کی وجہ سے پہلے سے مسائل کا شکار ائیرلائنز کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی وجہ سے فضائی کمپنیوں کو 63 ارب ڈالر سے لے کر 113 ارب ڈالر کا خسارہ ہو سکتا ہے۔
ناروے کی نارویجن ائیرلائن کے ساتھ ساتھ فرانسیسی Aigle Azur ائیر لائن اور XL ائیرویز جبکہ سلووینیا کی Adria ائیرویز کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ٹریول اینالیٹکس کمپنی Forwardkey کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر سے یورپ کی جانب نئی فلائٹس کی بکنگ میں 79 فیصد کمی آئی ہے۔