تہران: ایران میں جان لیوا کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 107 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3513 ہو گئی ہے۔
ایرانی حکومت کی جانب سے بڑے شہروں میں سفری پابندیاں کی گئی ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کو اپریل تک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ایران کے وزیر صحت سعید نماکی کا کہنا ہے کہ لوگ ان چھٹیوں کو سفر کا موقع سمجھ کر استعمال نہ کریں۔ انھوں نے شہریوں پر بینک نوٹ یعنی کرنسی نوٹوں کے استعمال کو بھی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
یہ اقدامات عالمی ادار صحت کی جانب سے اس وارننگ کے بعد اٹھائے گئے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ کچھ ممالک اس وائرس کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات نہیں اٹھا رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ادھانوم غیبریسس نے زور دیا ہے کہ ابھی بھی روک تھام ممکن ہے، ان کے خیال میں ’یہ ہار ماننے کا وقت نہیں ہے۔‘
چین کے بعد ایران اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن چکا ہے جہاں کووڈ-19 وائرس سامنے آیا تھا،دنیا بھر میں 92 ہزار کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں، جن میں سے صرف 80 ہزار چین میں ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے 3000سے زائد اموات ہو چکی ہیں جن میں زیاہ تر اموات چین میں ہوئی ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس ناکافی
چین سے پھیلنے والا کورونا وائرس امریکی میں بھی ہلاکتوں کا سبب بن رہا ہے اور 20 مختلف امریکی ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، زیادہ تر کیسز ساحلی شہروں میں سامنے آئے ہیں جن روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے تسلیم کیا ہے کہ امریکہ کے پاس کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کٹس ناکافی ہیں،امریکی نائب صدر نائب مائیک پینس نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس ہفتے دس لاکھ ٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی کے اپنے ہدف کو پورا نہیں کرسکے گی۔
تاہم کانگریس نے فوری طور پر سے اس وبا سے نمٹنے کے لیے ایک ہنگامی امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔