اسلام آباد: ورلڈ بینک نے صوبہ پنجاب اور سندھ میں روز گار کی فراہمی اور انسانی سرمائے کو بہتر کرنے کے لیے 300 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بینک 300 ملین ڈالر کے فنڈز میں سے 200 ملین ڈالر پنجاب ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے لیے مختص کرے گا، جس کا مقصد مذکورہ صوبوں کے پسماندہ اضلاع میں شہریوں کو صحت سے متعلق سہولیات دینے اور غریب خاندانوں کو سماجی طور پر بہتر بنانا ہو گا۔
پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پیچامتو (Illango Patchamuthu) نے کہا ہے کہ “یہ منصوبہ حالیہ سالوں میں پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے اورمستقبل میں پیداواری افرادی قوت پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ پاکستان کے لوگ ملک کا مضبوط اثاثہ ہیں، لڑکیوں اور خواتین پر شروع میں سرمایہ کاری کرنا اور شہریوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے”۔
اس کے علاوہ ورلڈ بینک نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان بچوں کی تعلیم وصحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے،منصوبہ آبادی کو پیداواری صلاحیت کے اعتبار سے بلند کرنے میں معاون ہوگا۔
ورلڈ بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ منصوبے کا مقصد شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور صحت کی سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اعلیٰ پائے کے طبی ماہرین کی ٹیمیں زچگی کی نگہداشت، بچے کی پیدائش اور حفاظتی ٹیکے لگانے اور دیگر صحت کی سہولت سے متعلق معاملات کی مانیٹرنگ کریں گیں۔