نیویارک: چین سے پھیلنے والا کورونا وائرس دنیا کے 80 سے زائد ملکوں میں لوگوں کو متاثر کر چکا ہے اور عالمی معیشت بھی اسکے اثرات سے سست روی کا شکار ہو چکی ہے جس کے بعد عالمی بینک نے متاثرہ ممالک میں صحت اور معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے 12ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق امدادی پیکج سے متاثرہ ملکوں میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاکہ لوگوں کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے اور بیماری کی نگرانی کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ساتھ مل کر وائرس سے معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
یہ فنڈز انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور انٹرنیشنل بینک آف ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ سے لیے جائیں گے اور اس سلسلے میں باہمی رابطوں کے ذریعے ہر ملک کی مدد کی جائے گی۔