اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے نامور بینکاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں بینکاروں نے بینکنگ سیکٹر میں پیش آنے والے مسائل اور صنعتی یونٹس کی بحالی سے متعلق تجاویز پیش کیں، وزیراعظم نے بینکاروں کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بینک سید رضا باقر اور دیگر سینئیر حکومتی عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔
بینکاروں نے بینکنگ سیکٹر سے متعلق معاشی مسائل اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے بہترین فنانسنگ کر کے دولت پیدا کرنے کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا اور اس حوالے سے بینکاروں نے مسائل پر قابو پانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
عمران خان نے بینکاروں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کیا، خاص کر بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی ترقی اور مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے ملکی اور بیرونی سطح پر ان تھک کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ملک کے ممکنہ انسانی وسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اکثر کاروباری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سکِل ڈویلپمنٹ کے ذریعے برؤے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی اور ایس ایم ایز کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے کیونکہ صنعتوں کے ذریعے دولت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، وزیراعظم نے بینکاروں کے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے بھرپور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی قائم کر لی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے ڈوبی ہوئی کمپنیوں کو مالی اور کمرشل طور پر بحال کر کے انہیں منافع بخش بنایا جائے گا۔