اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نےترسیلات زربڑھانے کےلئےمختلف اقدامات، ایچ ای سی اور سٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کےلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دےدی،بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جانے والی ترسیلات زر یکم جولائی 2020 ء سے ود ہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی ۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا ، جس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا۔
اجلاس میں مختلف بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زربڑھانے کےلئے اقدامات کی منظوری دی گئی جس کے تحت بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جانے والی ترسیلات زر کی رقم یکم جولائی 2020 ء سے ود ہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے تجارتی بینکوں اورسرکاری اداروں کے اشتراک سے یکم ستمبر 2020 ء سے “قومی ترسیلات وفاداری پروگرام” شروع کیا جائے گا جس کے ذریعے موبائل ایپ اور کارڈ کے ذریعے ترسیل دہندگان کو مختلف مراعات دی جائیں گی۔
اجلاس میں مذکورہ اقدامات کی مالی اعانت کے لئے رواں مالی سال کے دوران 9.6 ارب روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی نے ہائیرایجوکیشن کمیشن اور اسٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کےلئے پانچ ارب روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔
یہ بھی پڑھیے: ’عمران خان کی کابینہ کے اہم رکن گیس پائپ لائن کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دلوانے کیلئے سرگرم‘
اجلاس میں پاک فضائیہ کےلئے اندرونی سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی مد میں 34.528 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی تجویزکی بھی منظوری دی گئی۔
نیشنل سکیورٹی ڈویژن کو سٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل قائم کرنے کیلئے 15 ملین روپے تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی گئی جو وزیر اعظم کی منظوری کے بعد قائم کیا جائے گا اور قومی سلامتی کے اہم معاملات پر پالیسی سازی کرے گا۔
