اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات (پی بی اے) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں مالی سال 2019-20 کے پہلے سات میں طبی مصنوعات کی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.49 فیصد ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پی بی اے کے مطابق ملک کی طبی مصنوعات مالی سال 2020 کے جولائی سے جنوری تک 129.1 ملین ڈالر رہیں جو مالی سال 2019 کے اسی عرصے کے دوران 123.5 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
فارما پروڈکٹس کی برآمدات میں مقدار کے لحاظ سے 8.25 فیصد یعنی 7588 میٹرک ٹن سے 8214 میٹرک ٹن اضافہ ہوا ہے، سالانہ اعتبار سے رواں سال جنوری میں گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 0.41 فیصد کمی ہوئی ہے، اس طرح یہ برآمدات جنوری 2020 میں 16.999 ملین ڈالر جبکہ گزشتہ سال جنوری 2019 میں 17.069 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
ان برآمدات میں ماہانہ کی بنیاد پر جنوری 2020 میں 12.30 فیصد کمی ہوئی جبکہ دسمبر 2019 میں 19.384 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ملک کا مرچنڈائز ٹریڈ خسارہ گزشتہ سال کے زیرِ جائزہ عرصے کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے سات ماہ میں 28.40 فیصد تک گر گیا ہے۔