اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سات روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دے دی۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 92 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 7 روپے کمی کے بعد 77 روپے 51 پیسےفی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ یعنی کل سے ہوگا۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی کے پیشِ نظر مارچ کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
جمعہ کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔