کراچی: آن لائن خریدوفروخت کی پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی دراز (Daraz) نے بس ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ کے لیے ڈی ٹریول (DTravel) کے نام سے پلیٹ فارم کا آغاز کردیا۔
دراز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیچر بُک می ٹکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ (Bookme Tickets Pvt Ltd) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد اپنے کسٹمرز کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ آسان بنانا ہے، فیچر میں ڈیوو ایکسپریس، بلال ٹریولز، کیو کونیکٹ ، روڈ ماسٹر ، سکائی ویز اور نیازی ایکسپریس سمیت 22 بس سروس کے روٹس، اوقات کار اور ٹکٹوں کی قیمتیں دی گئی ہیں۔
دراز کے مطابق ڈی ٹریول کی مدد سے کسٹمرز بس ٹرمینل پر جائے بغیر گھر بیٹھے ناصرف مذکورہ ٹریول سروسز کی بسوں کے اوقات کار دیکھ سکتے ہیں بلکہ مختلف شہروں میں سفر کیلئے ٹکٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے بُک می کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فیضان اسلم نے کہا،’’آج ہم نے اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، دراز کیساتھ اشتراک سے کسٹمرز کیلئے آسانیوں اور مواقع کا نیا دَر کھلا ہے اور وہ اب دراز ایپ استعمال کرتے ہوئے ہی ڈی ٹریول کی سہولت سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں،امید ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان میں ای ٹکٹنگ کے حوالے سے ماحول کو تبدیل کرنے کا سبب بنے گی۔ ‘‘
دراز ڈیجیٹل گڈز اینڈ ٹریول کے سربراہ ریاض علی نے کہا ،’’دراز ایک لائف سٹائل ایپ ہےاور ہمارا مشن ہے کہ پاکستانیوں کو ضرورت کی ہر چیز بآسانی اور فوری دستیاب ہو سکے۔ دراز ٹریول اس سمت میں ایک اور قدم ہے اور ہم پر اعتماد ہیں کہ اس سے پاکستان میں سفری سہولیات کا منظر نامہ بدل کر رہ جائے گا۔‘‘
2019ء میں دراز نے اپنی سروس میں کافی توسیع کی ہے اور سال کے اختتام تک اس ویب سائٹ کی کیٹیگریز کی تعدا د 100 تک بڑھائی گئی ہے جس میں ایک کروڑ سے زائد مصنوعات شامل ہیں۔
رواں سال دراز کی توجہ ڈیجیٹل گڈز کیٹیگری کو مزید ترقی دینے کا پر مرکوز ہے اور ڈی ٹریول اسی سلسلے کی کڑی ہے، دراز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی ٹریول کو وقت کیساتھ فلائٹ بکنگ، ہوٹل بکنگ اور ریٹ اے کار بکنگ تک بڑھانے کا ارادہ ہے۔