اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ایک ایسے عہد میں جب دنیا بھر میں آٹو انڈسٹری میں برقی گاڑیاں قبولِ عام حاصل کر رہی ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت الیکٹرک وہیکل پالیسی پر عملدرآمد کرنے کے لیے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اس وقت دستیاب بہترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے۔
ملک امین نے واضح کیا کہ بڑے شہروں میں گندے ایندھن پر چلنے والی اور آلودہ دھواں چھوڑتی گاڑیاں آلودگی اور سموگ کی بنیادی وجوہات ہیں، چناں چہ انہیں بتدریج ہابئرڈ یا برقی گاڑیوں کے ساتھ تبدیل کرنا ہو گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے کوشش کریں اور اسے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک ماحول دوست مقام بنائیں۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مستقبل میں الیکٹرک وہیکلز کی مینوفیکچرنگ کو مقامی سطح پر فروغ دے گی جس کے باعث پاکستان الیکٹرک وہیکلز کی عالمی ویلیو چین کا حصہ بننے کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز فضائی آلودگی سمیت بہت سے مسائل حل کریں گی جن میں ایندھن کے درآمداتی بل کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات پر بھی دو تہائی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا، موجودہ حکومت مستقبل میں موثر نتائج کے حصول کے لیے توانائی اور آٹوموبائل انڈسٹری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں موجودہ حکومت بڑے شہروں میں بڑھتی ہوئی بدترین فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ملک میں برقی کاریں متعارف کروا رہی ہے اور اس اقدام کے ملکی ماحول پر دوررَس اثرات مرتب ہوں گے۔
ملک امین اسلم نے مزید کہا، پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے بعد، الیکٹرک وہیکلز کا انقلاب، جو حکومتی اور غیر حکومتی سیکٹرز کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دی گئی ہے، عوام کے لیے ایک اہم اقدام ثابت ہونے جا رہی ہے کہ آپ پمپ سے پٹرول بھروانے کے بجائے اسے کسی آئوٹ لیٹ سے چارج کروا لیں۔
انہوں نے کہا، برقی کاریں جدید شہروں کا مستقبل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ای وی پالیسی کی اجازت دے دی ہے جس کے باعث ملک میں جلد آلودگی سے پاک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی، یہ ماحول دوست اور کم قیمت ہے اور تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والی رقم کم ہو جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ الیکٹرک وہیکلز کے باعث پاکستانی معیشت کو ترقی کرنے میں مدد حاصل ہوگی اور نئی ملازمتیں اور انٹراپرینیور شپ کے مواقع پیدا ہوں گے جیسا کہ گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے مخصوص سٹیشن کھولے جائیں گے۔