Infinix کا ‘‘میڈ اِن پاکستان ’’ سمارٹ فونز متعارف کرانے کا اعلان

1229

اسلام آباد: پاکستانی  ہر سال اربوں ڈالر لگا کر مہنگے سمارٹ فون درآمد کرتے ہیں تاہم اب ہانگ کانگ کی ایک کمپنی نے مقامی طور پر سمارٹ فون تیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان میں ایک چینی کمپنی Xiaomi محدود پیمانے پر سمارٹ فون تیار کررہی ہے اس کے علاوہ کوئی قابل ذکر کمپنی مقامی طور پر سمارٹ فون نہیں بنا رہی ،اسی لیے ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرکے پاکستانی باہر سے سمارٹ فون منگواتے ہیں جس سے درآمدی بل کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

تاہم ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی مشہور کمپنی Infinix   پہلی ایسی کمپنی بن گئی ہے جو بڑے پیمانے پر پاکستان میں سمارٹ فون تیار کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

ڈیوٹی فری موبائل فونز درآمد کرنے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہو گی

چین کی سمارٹ فونز فروخت کرونا وائرس کے باعث آدھی رہ جانے کا امکان

ہواؤے یورپ میں پہلی فائیو جی فیکٹری فرانس میں قائم کرے گی

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ وہ ’میڈ اِن پاکستان‘منصوبے کے ساتھ جڑ کر اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرکے پاکستان کو خطے میں ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے میں مدد کرے گی ۔

کمپنی کا کہنا ہے،’پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کی جانب یہ ہمارا پہلا قدم ہے۔‘

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا مقصد یہاں کی افرادی قوت سے فائدہ اٹھانا اور خاص طور پر خواتین کو ملازمتیں دیکر معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے کیونکہ کمپنی کے پاکستان پلانٹ میں ساٹھ فیصد خواتین کام کر رہی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ  پاکستان میں کوروناوائرس کا بھی کسی قسم کا کوئی خدشہ نہیں  ، اس لیے وہ بلا خوف خطر کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ چین سمیت کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں آٹو موبائل اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پیداوار روکنا پڑی اور اکثر کمپنیوں کو پرزہ جات کی کمی کا سامنا ہے۔

Infinix پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جو ہو نے کہا ،’’بطور کمپنی ہمارا مشن پاکستان میں صارفین کا سمارٹ فون کے حوالے سے تجربہ بہتر بنانا ہے ، یہاں کی افرادی قوت خاص کر خواتین کو بااختیار میں اپنا کردار ادا کرناہمارے مشن کا حصہ ہے۔‘‘

Infinix پاکستان میں معیاری سمارٹ فون مہیا کر رہی ہے  اور اسکے اکثر سمارٹ فون دیگر کمپنیوں کی نسبت کم قیمت بھی ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران کمپنی نے کئی کرکٹرز کیساتھ اشتراک کرتے ہوئے اپنی تشہیری مہم میں موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی بھی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here