’سرمایہ کاری کیلئے پورے خطے میں پاکستان سب سے آزادانہ ماحول فراہم کر رہا ہے‘

802

نیو یارک: امریکہ میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے پاکستانی و امریکی کاروباری شخصیات کو بتایا کہ پاکستان معاشی محاذ پر کافی پیشرفت کر چکا ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے خطے میں پاکستان سب سے آگے ہے۔

پاکستان میں معاشی ترقی کیلئے انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں عائشہ علی نے کہا کہ  پاکستان سرمایہ کاری کیلئے خطے میں سب سے آزادانہ ماحول فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے اوپن ایڈمشن پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کےلیے نئے سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی پری سکریننگ اور  اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

تقریب نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے اور آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ( او پی ای این) کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔

1998ء میں قائم کی جانے والی او پی ای این کے امریکہ، برطانیہ اور پاکستان میں 11 ادارے ہیں، بڑے انٹرپرینیورز، کاروباری رہنما، کارپوریٹ پروفیشنلز اس ادارے کے اراکین ہیں۔

قونصل جنرل نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معیشت مستحکم ہوچکی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سے معاشی اعشاریے بہتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی، استحکام، صنعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی کے لیے حکومت نے وسیع اہداف طے کر رکھے ہیں، ہماری خصوصی توجہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو شفاف سرمایہ کاری کے مواقع دے کر مؤثر کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here