کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج کو جمعرات کے کاروباری روز بڑا دھچکا لگا، ملک میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کی تصدیق کے بعد سرمایہ کاروں میں خوف کی لہر دیکھی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی روز میں 1420 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
جمعرات کو کاروبار کا آغاز ہوا پہلے دو گھنٹوں کے دوران ہی انڈیکس 1420 پوائنٹس گر کر 36087.32 کی سطح تک آ گیا، بعد ازاں 200 پوائنٹس کی ریکوری سے کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 38087 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر انڈیکسز میں کے ایم آئی 30 انڈیکس بھی بدستور مندی کا راج ہے جمعرات کو یہ انڈیکس 59544 پوائنٹس پر جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 26396 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروبار کے حجم میں مجموعی طور پر 69 فیصد کے حساب سے 249.24 ملین روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں یونٹی فوڈز لمیٹڈ، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور میپل لیف سیمنٹ لمیٹڈ ہی مثبت کاروبار کرنے میں کامیاب رہیں جبکہ آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ، خوراک کےشعبوں میں منفی رجحان دیکھنے کو ملا۔ پاک پیٹرولیم لمیٹڈ، تیل و گیس ڈویلپمنٹ کمپنی اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ نے بھی انڈیکس پر شدید دباؤ ڈالا۔
مینجنگ ڈائریکٹر کسب بینک ارسلان سومرو نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ کرونا وائرس ہے جو پاکستان میں شروع تو ہو گیا ہے لیکن ختم پتا نہیں کب ہو گا۔ پاکستان کی معیشت پہلے ہی سست روی کا شکار ہے اور کسی قسم کی سنگین صورتحال سے معیشت پر مزید دباؤ کا امکان ہے۔