’سندھ میں مزید تین سپیشل اکنامک زونز تعمیر کیے جائیں گے‘

797

کراچی: سندھ حکومت نے کہا ہے کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے صوبے میں مزید تین خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے ایڈوانسڈ ڈپلومیٹک کورس کے 33 رکنی وفد سے ملاقات میں کہا کہ مجوزہ اقتصادی زونز نوشہرو فیروز، بولہاری اور ناوینا کے علاقوں میں قائم کیے جائیں گے۔

ملاقات کرنے والے وفد میں افغانستان، جنوبی افریقہ، عراق، بحرین، مراکو، نیپال ، فلسطین، سوڈان، یوکرین، یمن، زیمبیا، مالدیپ ، سری لنکا اور دیگر ممالک کے 33 زیر تربیت سفیر موجود تھے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ مجوزہ اقتصادی زونز کورنگی سپیشل اکنامک زون، بن قاسم اکنامک زون اور خیر پور سپیشل اکنامک زون کے علاوہ قائم کیے جارہے ہیں جبکہ دھابیجی سپیشل اکنامک زون کے نام س سے منصوبے پر پہلے ہی پیک کے تحت کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھر میں 660 میگاواٹ کا کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا پاور پلانٹ لگایا ہے جب کہ علاقے میں موجود کوئلے کے ذخائر سے آئندہ تین سو سال کیلئے ایک لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق صوبے کے پاس ہوا سے 50 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور گزشتہ دو سالوں کے دوران 12 سو میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی  ہے۔

صوبہ سندھ کے سالانہ ترقیاتی اہداف کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ رواں  مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کیلئے 284 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، حکومت کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اب تک 40  میں سے 20 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جن میں سڑکیں ، فلائی اووراور انڈرپاسز شامل ہیں۔

ممتاز علی شاہ نے غیر ملکی سفراء کو ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتیں بہتر بنانے کیلئے ییلو لائن ، ریڈ لائن پر کام شروع کر رکھا ہے، جبکہ سی پیک کے تحت کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here