لاہور: پنجاب حکومت نے شہریوں کی آسانی کیلئے پراپرٹی ٹیکس پورٹل متعارف کرا دیا ہے، پورٹل کی مدد سے شہری جائیداد کے ریکارڈز آن لائن دیکھ سکیں گے۔
وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب حافظ ممتاز احمد نے پراپرٹی ٹیکس پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورٹل کی مدد سے شہری آسانی سے آن لائن پراپرٹی ریکارڈ حاصل کرنے اور جائیداد کے ریکارڈ میں کسی بھی قسم کی ترمیم کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ پراپرٹی کی سکین کاپیاں اور تصاویر ویب پورٹل پر ثبوت کے طور پر اَپ لوڈ کی جا سکیں گی، شہری اس پورٹل کے ذریعے پراپرٹی ٹیکس کے بارے میں بھی ضروری معلومات حاصل سکیں گے۔
حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ جائیداد سے متعلق تمام ترمعلومات پورٹل سے دستیاب ہو سکیں گی اور شہری خود بھی پراپرٹی ٹیکس سے متعلق مطلوبہ اور ضروری کارروائی کے عمل کو کنٹرول کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے لوگوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بااختیار بنا رہے ہیں، یہ پورٹل سسٹم نہ صرف ٹیکس دہندگان کا وقت بچے گا بلکہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے عمل میں شفافیت لائی جائے گی لیکن ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کے افسران کے صوابدیدی اختیارات کم کر کے ٹیکس اکٹھا کرنے کے نظام میں شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا’۔