ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں، کوئٹہ سے تفتان ٹرین سروس بند، طورخم سرحد پر ڈاکٹرز تعینات

 پاک ایران بارڈر بند ہونے سے ایل پی جی کی درآمد بھی بند، قیمت میں 50 روپے فی کلواضافہ، گھریلو سلنڈر 500، کمرشل سلنڈر 2000 روپے تک مہنگا ہو گیا

760

اسلام آباد :  ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی وجہ سے پاکستان نے کوئٹہ سے تفتان ٹرین سروس بند کردی ہے۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ اور تافتان کے درمیان چلنے والی چار ٹرینیں روک دی گئی ہیں اور تافتان کوئٹہ بارڈر ٹریفک کے لئے تاحکم ثانی بند رہے گا۔ متعلقہ مسافروںکومطلع کیا جاتا ہے کہ اپنا سامان اور دیگر اشیا واپس لے لیں۔

یہ بھی پڑھیے:

کرونا وائرس سے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل متاثر نہیں ہوگی: چینی سفیر

کورونا وائرس، پاکستان نے جانوروں اور پرندوں کی درآمد پر پابندی لگا دی

کورونا وائرس، چین سمیت ایشیائی معیشتوں پر دبائو بڑھنے ، معاشی نمو کم رہنے کا امکان: ریٹنگ ایجنسی موڈیز

ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے ملک کے دیگر علاقوں سے بلوچستان آکر تفتان کے راستے ایران جانے والے زائرین کو صوبے میں داخل ہونے سے قبل روک کر واپس کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے 15 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے،حفاظتی اقدامات کے تحت 23 فروری کو تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ بند کردئیے گئے تھے اور بلوچستان حکومت نے بھی ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

پاک ایران سرحد پر  امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سرحد کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔امیگریشن حکام کا کہنا ہےکہ  تفتان میں فی الحال امیگریشن گیٹ بند رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور کسی کو تفتان سے ایران اور ایران سے پاکستان جانےکی اجازت نہیں۔

 پاکستان نے کورونا وائرس کو  ملک میں پھیلنے سے روکنے کے لیے ایران سے آنے والے تقریباً 2 سو افراد کو سرحد پر ہی روک لیا اور حکام کی جانب سے تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

تفتان بارڈر بندش سے پاکستان میں ایل پی جی مہنگی:

 پاک ایران بارڈر بند ہونے سے ایل پی جی کی درآمد بھی بند ہو گئی ہے جس کے باعث پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ ہو گیا ہے، نرخ بڑھنے سے گھریلو سلنڈر 500 اور کمرشل سلنڈر 2000 روپے تک مہنگا ہو گیا۔

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 142 روپے مقرر کی گئی ہے تاہم ڈسٹری بیوٹرز نے 50 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا۔

ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر بند ہونے سے دس لاکھ کلو ایل پی جی روزانہ کی کمی کا سامنا ہے، اگر بحران پر قابو نہ پایا گیا تو ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

طورخم بارڈر پر ڈاکٹرز تعینات:

ادھرپاک افغان بارڈر طورخم بارڈر پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کے تحت  13 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، ایک لاکھ سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی۔

خیبر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق پڑوسی ممالک ایران و افغانستان سے کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے تناظر میں طورخم گیٹ پر میڈیکل ٹیم تعینات کر دی گئی ہے، جو تھرمل سکیننگ گنز کے ذریعے آنے والے لوگوں کی باقاعدہ سکیننگ کررہی ہے، کسی قسم کی ایمرجنسی کے لئے طورخم گیٹ پر ایک ایمبولینس بھی تیار کھڑی ہے جبکہ پاک افغان دوستی ہسپتال طورخم، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل اور جمرود بھی ایمرجنسی سپاٹس ڈکلئر کئے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ خیبر اور محکمہ صحت ایک دوسرے کے مکمل تعاون کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی کرونا وائرس کیس سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here