توانائی کی شعبے میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے والی ہے: عمر ایوب کا دعویٰ

45 ارب ڈالر بجلی کی پیداوار ، 20 ارب ڈالر ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن اور نئی لائنیں بچھانے ، 15 سے 20 ارب ڈالر تقسیم کار کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری متوقع ہے

544

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی توانائی کی شعبے میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے والی ہےتاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کونسا ملک یا ادارہ اتنی بھاری سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عمر ایوب خان نے کہا کہ 45 ارب ڈالر بجلی کی پیداوار ، 20 ارب ڈالر بجلی کے ترسیلی نظام کی اَپ گریڈیشن اور نئی لائنیں بچھانے کیلئے، جبکہ 15 سے 20 ارب ڈالر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری متوقع ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) کے زیر اہتمام منعقدہ ’انرجی ویک ‘کے موقع خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں خاص طور پر توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں  اور کئی بین الاقوامی کمپنیاں اس شعبے میں سرمایہ کاری پر غور کررہی ہیں۔

وزیر توانائی نے کہا ،’’توانائی کے شعبے میں خسارہ کم سے کم کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جا رہاہے، ہمیں بجلی کی پیداوار کے لیئے سستے اور بہتر طریقے اختیار کرنے ہونگے اور اس لیے تیزی سے سسٹم کو اپ ٹو ڈیٹ کرنا ہوگا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی کے ذرائع اپنانے پر توجہ دے رہی ہے اور اسی سلسلے میں ایک نئی توانائی پالیسی تیاری کے مراحل میں ہے، مستقبل قریب میں 75 فیصد توانائی کی ضروریات قابل تجدید ذرائع سے ہی پوری کی جائیں گی۔

مذکورہ تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہدای پر جاری کام تعطل کا شکار نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں انرجی سیکٹر سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو مناسب قیمت پر بجلی فراہمی، شعبہ توانائی میں اصلاحات اور اسکے خسارے پر نظر رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعظم نے توانائی سیکٹر کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے توانائی کے حوالے سے معاہدے کرتے ہوئے مناسب انتظامی اصلاحات اور ترسیلی نظام میں خرابیوں کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے خسارے کا سامنا ہےاور سارا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت لوگوں کی مشکلات سے آگاہ ہےاس لیے جہاں تک بن پڑتا ہے ہم  عوام کو ریلیف فراہم کررہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here