اسلام آباد: سی پیک اتھارٹی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ نےکہا ہے کہ اس وقت منصوبے کے دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے توانائی کے موضوع پر ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سی پیک منصوبے پر جاری کام تعطل کا شکار نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سرگرمیاں پوری رفتار سے جاری ہیں۔
سی پیک اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ توانائی کی ضرورت بڑھ رہی ہے اور سی پیک منصوبے کے تحت ملکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے بندوبست کیا جا چکا ہے۔
جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ کراچی پشاور موٹروے کی تعمیر سے دونوں صوبائی حکومتوں کے درمیان فاصلہ کم ہو کر نصف رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد سی پیک کی مغربی راہداری پر بھی پیشرفت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھر سے جہاں تک کوئلے کی تلاش اور ٹرانسپورٹیشن کے معاملے کا تعلق ہے تو یہ جلد فائنلائز کر لیا جائے گا اور یوں کم قیمت بجلی کا حصول ممکن ہو جائے گا۔
گزشتہ ماہ چین نے سی پیک کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے تاثرات کو خوش آئند قرار دیا تھا۔
چین کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سی پیک کے شروع ہونے کے بعد سے اس تناظر میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کم از کم 32 منصوبے قبل از وقت مکمل کر لیے گئے ہیں جو پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی اور لوگوں کی فلاح بہتر بنانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔