کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 40 ہزار کے پرائز بانڈز سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، بانڈز کی تبدیلی 31 مارچ 2020ء تک کی جا سکے گی۔
سٹیٹ بینک کے کرنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق کمرشل بینکوں میں بند کیے جانے والے بانڈز دے کر رقم حاصل نہیں کی جا سکے گی اور نہ ہی یہ بانڈزیکم اپریل 2020ء یا اس کے بعد تبدیلی کے لیے قبول کیے جائیں گے۔
سٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی شاخوں سے بانڈز کی تفصیلات 31 مارچ 2020ء تک جمع کریں اور یکم اپریل تک مرکزی بینک کو رپورٹ دیں۔
مرکزی بینک کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کی جانب سے تفصیلات جمع کرانے کا جائزہ سٹیٹ بینک کی انسپکشن ٹیمیں کریں گی۔
کمرشل بینکوں کی جانب سے رکھے گئے 40 ہزار کے پرائز بونڈز کو متعلقہ مرکزی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفتر کے سپرد کیا جائے گا۔
اس سے قبل 24 جون 2019ء کو بھی فنانس ڈویژن نے 40 ہزار کے پرائز بانڈز کی فروخت روک دی تھی ۔
بانڈ ہولڈرز کے پاس ان بانڈز کو پریمیم پرائز بانڈ، سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ میں تبدیل یا اسکی قیمت کے برابر ادائیگی کرنے کی سہولت موجود تھی۔
40 ہزار کے بانڈز آٹھ کیٹیگریز میں سب سے زیادہ مالیت کے ہیں اور یہ 2017 میں متعارف کرائے گئے تھے۔
حکومت کی جانب سے ٹیکس چوری روکنے اور کالے دھن کو سفید کرنے کے حوالے سے پریمیم پرائز بانڈز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ اس فیصلے سے فناشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط کے مطابق اقدامات اٹھانے میں مدد ملے گی۔