پنجاب حکومت کا پی ایس ایل میچوں کے دوران لاہور کی مارکیٹس کھلی رکھنے کا فیصلہ خوش آئندہ ہے: صدر لاہور چیمبر

592

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے صوبائی دارالحکومت میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچوں کے دوران مارکیٹیں کھلی رکھنے کے فیصلے پر پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ کاروباری برادری کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ ساتھ تجارتی اور معاشی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا یہ فیصلہ نہ صرف کاروباری برداری کے لیے بڑی رعایت ہے بلکہ مقامی اور غیر ملکی کرکٹ شائقین کے لیے بھی اہم ہے کیونکہ قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے کرکٹ شائقین لبرٹی مارکیٹ اور دوسرے بازاروں میں خریداری کے لیے بھی جاتے ہیں۔

اس سے قبل 19 فروری کو پریس کانفرنس میں صدر لاہور چیمبر نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کی ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران سخت سکیورٹی کی وجہ سے سڑکوں اور مارکیٹوں کی بندش کی وجہ سے کاروباری طبقے کو کم از کم 23 ارب روپے روزانہ کا نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے لبرٹی مارکیٹ اور قرب و جوار کی مارکیٹیں بند کرنے سے صرف ایک دن میں 23 ارب روپے کا نقصان ہوگا، اس حوالے سے حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور طویل المدتی حکمت عملی اختیار کرنے کی  تجویز دے چکے ہیں جس سے کرکٹ کیساتھ ساتھ کاروباری طبقے کو بھی سہولت  ہوسکے۔

عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا کہ مہمان کرکٹ ٹیموں کو ٹھہرانے کیلئے قذافی سٹیڈیم کی حدود میں ہی جدید ترین ہوٹل تعمیر کیا جانا چاہیے ،ہم خود فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں کیونکہ سکیورٹی مسائل سے نمٹنے کا یہی واحد حل ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here