ایف اے ٹی ایف کے فیصلے کی وجہ سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار، سٹاک مارکیٹ میں 232 پوائنٹس کی کمی

648

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کا آخری کاروباری روز بھی اچھا ثابت نہ ہوا، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے پاکستان سے متعلق فیصلے کے باعث سرمایہ کار کافی محتاط دکھائی دئیے، کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 232.43 پوائنٹس کی کمی سے 40249.22  کی سطح پر بند ہوا۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو رواں سال جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کے انتظار میں سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں نے حصص کی تجارت میں کچھ زیادہ سرگرمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

جمعے کو کاروبار کا آغاز ہوا تو مارکیٹ میں مثبت رجحان دکھائی دیا اور کے ایس 100 انڈیکس 40496.11 پوائنٹس سے شروع ہو کر 40527.08 پوائنٹس تک پہنچ گیا لیکن جلد ہی مندی کی وجہ سے 310.55 پوائنٹس کی کمی ہونے سے انڈیکس 40171.10 کی کم ترین سطح پر آگیا، بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 40249.22 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی مندی کا رجحان رہنے سے 63541.78 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 122.87 پوائنٹس کمی سے 27895.15 کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس کے کھاد، بینکنگ اور تیل و گیس ایکسپلوریشن کے شعبے میں منفی کاروباری رجحان دیکھا گیا جبکہ ایم سی بی بینک، اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ اور داؤد ہرکیولز کارپوریشن لمیٹڈ میں گھاٹے کے کاروبار سے مارکیٹ رینکنگ پر شدید دباؤ پڑا ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز مجموعی طور پر کاروباری حجم 111.99 ملین سے کم ہو کر 85.60 ملین رہ گیا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر میپل لیف سیمنٹ فیکٹری، کوٹ ادو پاور کمپنی اور فوجی فوڈز لمیٹڈ قدرے مثبت کاروبار کرتے دکھائی دیے، فوجی سیمنٹ کمپنی نے مالی سال 2019-20 کی دوسری سہ ماہی میں فی شئیر آمدن کا اعلان کردیا ہے کمپنی کی فی شئیر آمدن 0.14 روپے ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here