سرکاری و نجی بینک معذورافراد کو تربیت اور ملازمتیں فراہم کریں  : صدر مملکت

معذور افراد کیلئے فنانشل اور کریڈٹ گارنٹی کی سکیمیں شروع کی گئی ہیں،گورنر سٹیٹ بینک رضاباقر کی ڈاکٹر عارف علوی کو بریفنگ

756

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی بینک معذورافراد کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے، انہیں تربیت اور ملازمتیں فراہم کریں۔

جمعہ کو صدر مملکت نے تمام بینکوں کے سی ای اوز اور صدور سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد بہت محنتی ہوتے ہیں، اداروں کو چاہئے کہ وہ معذورافراد اور خواتین کی حوصلہ افزائی کریں۔ حکومت ایسے افراد کواکیلا نہیں چھوڑ سکتی، خصوصی افراد معاشرے کا خصوصی حصہ ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بینک مالی اور فلاح و بہبود کے پروگراموں کے ذریعے ان کی مدد کریں، بینکوں کو حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔

صدر نے کہا کہ کئی نجی اداروں نے خصوصی افراد کو روزگار دیا ہے، بینک سپیشل پروگراموں کے ذریعے خصوصی افراد کا بوجھ کم کر سکتے ہیں، حکومت اس ضمن میں بینکوں کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

 قبل ازیں سٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر نے صدر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی اورکمرشل بینکوں نے خصوصی افراد کے حوالہ سے کئی اقدامات کئے ہیں جن میں انہیں روزگار کی فراہمی اور بینکوں میں ریمپس اوروہیل چیئرز کی فراہمی شامل ہیں، اس کے علاوہ فنانشل اور کریڈٹ گارنٹی کی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔

بینکوں کے سی ای اوز اور صدور نے خصوصی افراد کیلئے ڈیجیٹل/ای بینکنگ اور تعلیم و ہنر کے پروگرام شروع کرنے کی تجاویز پیش کیں۔

ملاقات میں خاتون اول ثمینہ علوی، بینکوں کے سی ای اوز اور صدور اور اعلیٰ حکومتی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد صدر مملکت نے خاتون اول کے ہمراہ سٹیٹ بینک کے میوزیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے بینک کی گیلری میں آرٹ ورک، ڈیزائن اور تخلیقی سرگرمیوں کے مظاہر کی تعریف کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here