خواتین کو گھر چلانے کیلئے ایک گائے ،ایک بھینس اور تین بکریاں دیں گے:  وزیر اعظم عمران خان

قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جب بڑے چورلوگ لندن چلے جائیں اور چھوٹے پکڑے جائیں، لیہ میں ’’احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام” کے اجراء کی تقریب سے خطاب

917
فوٹو: پی آئی ڈی

لیہ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین کو گھر چلانےکیلئےایک گائے ،ایک بھینس اور تین بکریاں دیں گے ۔، ہر ماہ 80ہزار لوگوں کو بلا سود قرضے ، 50 ہزارطلباء کو اسکالرشپ دی جائیں گی، قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جب بڑے چور لندن چلے جائیں اور چھوٹے چورپکڑے جائیں۔

جمعہ کو لیہ میں ”احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام” کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  عمران خان نے  کہا  کہ پاکستان جس نظریہ پر قائم ہوا تھا وہ فلاحی ریاست کا تصور تھا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں، پاکستان میں اب تک کی ترقی میں امیر، امیر تر ہوتا گیا جبکہ غریب اپنی جگہ پر اسی طرح رہا، یہ فاصلہ بڑھتا چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب میں فاصلے پیدا کرکے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھتا،چین نے 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا ، ہم بھی نچلے طبقے کو اوپر لانے کی کوشش کر رہے ہے ہیں۔

’کسی کوسڑک پرنہیں سوناپڑےگا‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ انشااللہ ایساپاکستان بنےگاکہ کسی آدمی کوسڑک پرنہیں سوناپڑےگا، اب تک 180پناہ گاہ بن چکی ہیں اور انشااللہ بناتے جائیں گے، جو مزدور سڑکوں پر سوتے ہیں وہ وہاں رہ سکتے ہیں۔

لیہ: وزیر اعظم عمران خان ’’احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام” کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں، فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم نے کہا کہ خواتین کو گھر چلانےکیلئےایک گائے ،ایک بھینس اور تین بکریاں دیں گے اور ہر ماہ 80ہزار لوگوں کو بغیر سود قرضے دیئے جائیں گے، اسی طرح  50 ہزاراسکالرشپ ہرسال دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے:

وزیراعظم عمران خان کا سمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا حکم

کمپنیاں کھاد سستی نہ کریں تو گیس بند کردی جائے، وزیر اعظم عمران خان سخت ناراض

200 ارب روپے کا احساس کفالت پروگرام شروع، وزیر اعظم نے خواتین میں کفالت کارڈ تقسیم کیے

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں جانے والے غریب لوگوں کو پیسے دیں گے تاکہ وہ وکیل کر سکیں جب کہ سرکاری اسکولوں میں بہترین تعلیم کے لیے ایک نصاب رائج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 70 سال میں جو تعلیم کا نظام بگڑا اسے ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا، اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے نظام لا رہے ہیں۔

’قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جب بڑےلوگ لندن چلے جائیں، چھوٹے چور پکڑے جائیں‘

پولیس ریفارمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے آئی جی کو کہا ہے کہ جو بڑے بڑے ڈاکو ہیں ان کو پکڑیں، پولیس بڑے چوروں کو پکڑے گی تو چھوٹے خود ٹھیک ہو جائیں گے، قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جب بڑے بڑے لوگ لندن چلے جائیں اور چھوٹے چور کو پکڑے جائیں۔

’پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا‘

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا ہے، جب ہم اقتدار میں آئے تو اس وقت پاکستان نے جو قرضے لئے ہوئے تھے اگر ان کی اقساط واپس نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، مہنگائی دوگنا ہو جاتی۔

لیہ: وزیر اعظم عمران خان ’’احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام‘‘ کے مستحقین سے محو گفتگو ہیں، فوٹو: پی آئی ڈی

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت سے نکل گیا ہے تاہم ابھی بھی بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ملک درست گامزن ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ ایک سال میں 75 فیصد کم ہوا ہے، روپیہ مستحکم ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے ، بیرونی سرمایہ کاری شروع ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

انہوں نے اس زبردست پروگرام کے اجراء پر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خواتین کو اپنی زندگیوں میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جو کچھ بھی ہیں اپنی ماں کی وجہ سے ہیں، ہم نے پاکستان کی مائوں کی مدد کرنی ہے تاکہ وہ خود اور اپنے خاندان کو معاشی طور پر مستحکم کر سکیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا خطاب:

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پہلی بار کسی سرکاری پروگرام میں 60 فیصد خواتین کو حصہ دیا جا رہا ہے۔ لیہ میں 19 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے چوک سرور شہید تحصیل کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا خطاب:

اس  موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام کا اجراء غریبوں کی آمدن بڑھانے کیلئے کیا جا رہا ہے، وزیراعظم نے احساس آمدن پروگرام کے آغاز کیلئے لیہ کا انتخاب کیا، یہ چھوٹے اثاثے لوگوں کی مالی مشکلات کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ 60 ہزار روپے لاگت کے یہ اثاثے مفت دیئے جا رہے ہیں، یہ قرضہ نہیں، 60 فیصد اثاثہ جات خواتین کیلئے مختص ہیں۔

لیہ: وزیر اعظم عمران خان ’’احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام‘‘ کے مستحقین سے محو گفتگو ہیں، فوٹو: پی آئی ڈی

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، 23 اضلاع کی 735 پسماندہ ترین یونین کونسلوں میں آغاز ہو چکا ہے، 2 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، 14 لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگی پر اثر پڑے گا، اس کو مزید وسعت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کی اوسط آمدن، صحت، تعلیم اور خوراک کے اہداف کو مدنظر رکھ کر اضلاع کی درجہ بندی کی گئی۔ ایسی دیہی یونین کونسلوں کا انتخاب کیا گیا جہاں پہلے کوئی سرکاری پروگرام نہیں چل رہا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پسماندہ طبقہ کیلئے مزید چار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے، میرٹ اور شفافیت کے ذریعے احساس پروگرام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

پروگرام سے مستفید ہونے والی کلثوم بی بی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ بہترین پروگرام شروع کیا ہے، احساس پروگرام کے تحت آج ہم سر اٹھا کر جینے کے قابل ہو چکے ہیں، اس پروگرام سے پہلے ہماری زندگی بہت مشکلات کا شکار تھی، میں اب اپنے خاندانوں کی مؤثر دیکھ بھال کر سکوں گی۔ مقامی شاعر نوکر حسین نے سرائیکی میں کلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا وزیراعظم دیکھا ہے جس نے غریبوں کو اپنے ساتھ بٹھانا پسند کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here