اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرغستان کیلئے ہفتہ وار فلائٹ آپریشن شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔
وزارت ہوابازی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں کرغستان کے سفیر ایرک بھشمبیو (Eric Beishemhiev) سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کرغستان کے سفیر سے کہا کہ پاکستان اور کرغستان دو برادر ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی وجہ عزت اور اعتماد ہے۔
ایرک نے کہا کہ کرغستان، پاکستان سے تعلقات مزید پائیدار بنانے کا خواہشمند ہے اسی لیے دونوں ملکوں کے درمیان ہفتے وار فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا جانا چاہیے۔
غلام سرور کا کہنا ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن اس معاملے میں کرغستان کی ہفتہ وار فلائٹ آپریشن کی پیشکش پر آزادی کے پانچویں حق کے تحت غور کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کرغستان کے درمیان ائیر سروسز معاہدہ 14 اکتوبر 1993ء کو طے پایا تھا۔