اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ویون گروپ کے شریک چیف آپریٹنگ آفیسر کو بتایا کہ حکومت کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے آزادنہ سرمایہ کاری کے قوانین پر توجہ دے رہی ہے اور ان اقدامات کا اعتراف بین الاقوامی مالی اداروں نے بھی کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار ویون گروپ (پیرنٹ کمپنی جاز ٹیلی کام) کے شریک چیف آپریٹنگ آفیسر سرگی ہریرو (Sergi Herrero)کے ساتھ اسلام آباد میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔
عمران خان نے ویون گروپ کے پاکستان میں طویل عرصے سے سرمایہ کاری کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ملک میں مزید کمیونیکیشن اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے ویون کے نمائیندہ کو بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے اور معیشت مظبوط کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان کا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے کہا ڈیجیٹل پالیسی کے تحت حکومت آئیندہ 5 سال میں انفارمیشن اور کمیونیکشن ٹیکنالوجی کے حجم کو 20 ارب ڈالر کرنے کا عزم رکھتی ہے۔
سرگی ہریرو نے وزیراعظم کو ٹیلی کام سیکٹر میں شفاف کمپیٹیشن اور سازگار ماحول فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے پاکستان میں ‘انٹرنیٹ سب کے لیے’ کا منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے موبائل فونز کو کنیکٹ کر کے سوشل میڈیا استعمال کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ انکی کمپنی نے جاز کیش اور وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی موبائل ایپلیکشن بھی متعارف کرا دی ہیں۔