سات ماہ کے دوران بیرون ملک سے ادویات کی درآمد میں 10 فیصد کمی

961

اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی اے) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مالی سال 2019-20 کے پہلے سات ماہ میں طبی مصنوعات کی درآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 9.95 فیصد کمی آئی ہے۔

پی بی اے کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2019-20 کے جولائی سے جنوری تک 590.783 ملین ڈالر کی ادویات درآمد کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 656.080 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقدار کے لحاظ سے پاکستان نے زیرِنظر عرصے کے دوران 13195 میٹرک ٹن  ادویات درآمد کیں، ان درآمدات میں رواں سال 2.91 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال یہ درآمدات 13590 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھیں۔

ادویات کی درآمدات کے سالانہ حجم کا موزانہ کیا جائے تو جنوری 2020ء میں جنوری 2019ء کی نسبت 8.22 فیصد کمی ہوئی ہے،  جنوری 2020 میں طبی درآمدات 73.354 ملین ڈالر رہیں جو جنوری 2019 میں 82.105 ملین ڈالر تھیں۔

ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو جنوری 2020ء میں ادویات کی درآمدات  میں دسمبر کے مقابلے میں 14.06 فیصد واضح کمی دیکھی گئی، دسمبر 2019 میں یہ درآمدات 87.683 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ ملک کے تجارتی خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے سات ماہ میں 28.40 فیصد کمی ہوئی ہے۔

پی بی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیرِ نظر عرصے کے دوران ملکی برآمدات میں 2.14 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ درآمدات میں 15.95 فیصد کمی آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here