کورونا وائرس، آئی فونزکی سپلائی متاثر ،ایپل کو آمدن میں کمی کا سامنا

ایپل کے مطابق جنوری سے مارچ تک کی سہ ماہی کا 67 ارب ڈالر کا ہدف پورا نہیں ہو سکے گا کیونکہ چین میں مینوفیکچرنگ پارٹنرز کے ہاں کم و بیش دو ہفتوں تک کام بند رہاہے

725

نیویارک: چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے سٹورز کی بندش اور دنیا بھر میں سپلائیز میں کمی کی وجہ سے آئی فون بنانے والی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو آمدنی میں کمی کا سامنا ہے اور یہ اپنے اہداف پورے میں کرنے میں ناکام رہی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 1800 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد ہسپتالوں میں بھرتی ہیں۔ چین کی جانب سے سفری پابندیوں کی وجہ سے دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی اور کاروباری کمپنیوں نے اپنے دفاتر دو ہفتوں تک بند رکھے ہیں جس کے بعد چین سمیت کئی ممالک کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس، چین سمیت ایشیائی معیشتوں پر دبائو بڑھنے ، معاشی نمو کم رہنے کا امکان: ریٹنگ ایجنسی موڈیز

ایپل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپنی جنوری سے مارچ تک کی سہ ماہی کے دوران آمدنی کا ہدف پورا نہیں کر سکے گی، کمپنی نے مذکورہ سہ ماہی کیلئے آمدنی کا ہدف 63 ارب ڈالر سے 67 ارب ڈالر مقرر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس : چین میں کاروبار جزوی شروع، اکثر کمپنیوں نے چھٹیاں بڑھا دیں، دنیا کی سب سے بڑی کارساز فیکٹری بھی بند

آمدنی میں اس کمی کی وجہ بتاتے ہوئے ایپل نے کہا ہے کہ چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے اس کے مینوفیکچرنگ پارٹنرز کے ہاں کم و بیش دو ہفتوں تک کام بند رہا اور اب آہستہ آہستہ مینوفیکچرنگ کا عمل شروع ہورہا ہے تاہم اس سے کمپنی کی دنیا بھر میں آئی فونز کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

دوسری جانب چین میں ایپل کے سٹورز دو ہفتوں تک بند رہنے کی وجہ سے کنزیومر ڈیمانڈ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے ، اب بھی جو سٹور کھولے گئے ہیں ان کے اوقات کار کم کردئیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here