دوردراز علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی فراہمی پر 21 ارب روپے کے فنڈز خرچ

647

 اسلام آباد: حکومت یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے تحت اب تک ان علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی پر 21 ارب روپے خرچ کر چکی ہے جہاں اس سے قبل ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات موجود نہیں تھیں یا ان خدمات کا معیار بہتر نہیں تھا۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک افسر نے کہا کہ یو ایس ایف کے تحت اب تک ٹیلی کام کمپنیوں سے 50 ارب روپے  حاصل کیے جا چکے ہیں اور 21 ارب ڈالر ٹیلی کام کا انفراسٹرکچر قائم کرنے اور ملک کے مختلف علاقوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے پر استعمال کیے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پارلیمان کا اجلاس، پاکستان میں دو انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کی تعمیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پاکستان بھر میں ٹیلی کام انقلاب کے فوائد پہنچانے کے لیے یو ایس ایف کو قائم کیا تھا۔

انہوں نے کہا، حکومت پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے توسط سے مقامی کمپنیوں کو آئی ٹی سروسز کی فراہمی کے تناظر میں مارکیٹنگ کے علاوہ دیگر فوائد فراہم کر کے ان کی مدد کر رہی ہے۔

مزید بڑھیں: لاہور میں گوگل بزنس فیسٹیول کا انعقاد، ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی ترقی پر گفتگو

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اب تک چار عالمی اور چار علاقائی نمائشوں کا انعقاد کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے عملے سے بھی آئی ٹی کی ایکسپورٹس کی پروموشن پر خصوصی توجہ دینے کی بات کی گئی ہے۔ حکومت نے آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کو جون 2025 تک انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے تاکہ ان کی ایکسپورٹس میں اضافہ ہو۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعلقہ افسر کا کہنا تھا، انفارمیشن ٹیکنالوجی ملکی قومی معیشت کے ایک اہم حصے کے طور پر ابھر رہی ہے اور حکومت اس سیکٹر کے فروغ میں سنجیدگی سے دلچسپی لے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا، پاکستان میں کورین حکومت کے تعاون سے دو آئی ٹی پارک قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک پر پہلے ہی کام شروع ہو چکا ہے جب کہ دوسرا آئی ٹی پارک اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا تاکہ آئی ٹی سیکٹر کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here