اسلام آباد: حکومت نے ٹیکس سسٹم میں بہتری لانے کے لیے ملک بھر میں نئی ٹیکس کمپین شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ٹیکس مہم پہلے مرحلے میں سیالکوٹ سے شروع ہو گی جس کا دائرہ کار آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں پھیلا دیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت تمام ترقیاتی منصوبے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کے نام سے منسوب کیے جائیں گے اور وہ مقامی سطح پر ان منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔
یہ ٹیکس مہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نادرا مل کر چلائیں گے اور یہ ادارے ہی دیہاتوں اور گلی محلے کی سطح پر ٹیکس دہندگان کی شناخت کریں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس مہم کا مقصد زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے افراد کو عزت دینا ہے۔ انہوں نے کہا، اس سے ملک میں ٹیکس کی ثقافت مزید بہتر ہوگی۔