لاہور: پاکستان میں بھی ان دنوں آن لائن خریداری کا رجحان فروغ پذیر ہے لیکن یہ دلچسپ انکشاف ہوا ہے کہ آن لائن خریدار عموماً رات کے اوقات میں شاپنگ کے لیے آن لائن سٹورز کا رُخ کرتے ہیں۔
برطانیہ کے معروف جان لیوس سٹور کے تازہ ترین اعداد و شمار سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کے سٹور سے دن میں اگر 15 بار خریداری کی جاتی ہے تو ایک آدھی رات اور صبح ساڑھے چھ بجے کے دوران ہوتی ہے۔ حالیہ تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 2017 کی نسبت 2018 میں رات کے اوقات میں خریداری کے رجحان میں 23 فی صد اضافہ ہوا۔
آن لائن کاروبار کے تجزیہ کار کرس فیلڈ اس ابھرتے ہوئے رجحان کی ذمہ داری موبائل فونز میں آنے والی جدت پر عائد کرتے ہیں جب کہ ان کے خیال میں آن لائن بزنس کمیونٹی بھی اب ماضی کی نسبت زیادہ سمجھداری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وہ اب ویب سائٹس اور سافٹ ویئرز پر غیرمعمولی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
ایک اور معروف آن لائن برانڈ آئی سا اِٹ فرسٹ کے مطابق، انہوں نے بھی رات کے اوقات میں خریداری میں اضافہ دیکھا ہے۔
ماہرین کے مطابق، آن لائن خریداری کے لیے بہترین وقت رات نو سے قریباً ایک بجے تک کا ہے اور اس دوران 18 سے 24 برس کے نوجوان آن لائن شاپنگ ویب سائٹس پر سب سے زیادہ متحرک ہوتے ہیں اور ملبوسات اور خواتین کے ٹاپس سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
ان اعداد و شمار کے باعث سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ رات گئے آن لائن خریداری کے رجحان میں اضافے کی وجوہ کیا ہیں؟
لندن میں مقیم ڈاکٹر رومانہ کوچائی کا کہنا ہے، رات کو بستر پر دراز ہونے کے بعد ہی انہیں آن لائن خریداری کرنے کا وقت مل پاتا ہے۔
ڈاکٹر رومانہ کوچائی کی طرح کی بہت ساری خواتین نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی رات گئے ہی کپڑوں کی خریداری کرنا پسند کرتی ہیں اور تو اور روزمرہ کی معمول کی اشیا کی شاپنگ بھی رات کے وقت ہی کرتی ہیں۔
کیا آن لائن خریداری کا رجحان تبدیل ہو رہا ہے یا یہ تبدیل ہو چکا ہے؟ اس سوچ سے تجزیہ کار کرس فیلڈ متفق نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں، رات کے وقت کی جانے والی آن لائن خریداری ایک سفر ہے جس کا آغاز دن کے اوائل سے ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ اعتراف ضرور کیا کہ گزشتہ چند برسوں میں رات کے اوقات میں خریداری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔