فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے آئندہ اجلاس میں امریکا پاکستان کی حمایت کرے گا : بھارتی اخبار

ایف اے ٹی ایف کا آئندہ اجلاس 16سے 21فروری تک پیرس میں ہو گا جس میں پاکستان کو مزید کچھ عرصہ گرے لسٹ میں رکھنے ، خارج کرنے یا بلیک لسٹ میں دھکیلنے کا فیصلہ ہوگا

720

اسلام آباد: ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف ) کے آئندہ اجلاس میں امریکا پاکستان کی حمایت کرے گا ۔

بھارتی اخبار دکن ہیرلڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے  کہ ایف اے ٹی ایف کا آئندہ اجلاس 16 سے 21فروری تک پیرس میں ہو گا جس میں پاکستان کو مزید کچھ عرصہ گرے لسٹ میں رکھنے ، گرے لسٹ سے خارج کرنے یا بلیک لسٹ میں دھکیلنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا تاہم توقع ہےکہ اگر پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکا تو امریکا کم از کم بلیک لسٹ ہونے سے بچا لے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ’بہت جلد ‘ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا: دفتر خارجہ

اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی قانون سازی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کا اجلاس 21 سے 23 جنوری تک بیجنگ میں ہوا جس میں پاکستان 27 پوائنٹس میں سے 14پوائنٹس پر کلئیر ہو چکا ہے اور اس اجلاس میں امریکا نے بھی پاکستان کی حمایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ایف اے ٹی ایف کے ممکنہ فیصلے سے متعلق قیاس آرائی کرنا قبل از وقت ہوگا: حماد اظہر

بھارتی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھرپور لابی کر رہا ہے۔ چین ، ترکی اور ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کی حمایت کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ایف اے ٹی ایف کےاجلاس میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی قسم کے سیاسی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

دکن ہیرلڈ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اگر ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی مدد کرتا ہے تو اس پربھارتی حکومت کو سخت اعتراضات ہونگےکیونکہ دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو دہلی ہمیشہ شک کی نظر سے دیکھتا آیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں کے آخر میں بھارت کا دورے کرنے والے ہیں اور خدشہ ہے کہ بھارت پاکستان سے متعلق معاملات امریکی صدر کے سامنے ضرور اٹھائے گا۔

اس سے قبل جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو انسداد دہشتگردی عدالت سے 11 برس کی سزا ئے قید سنائے جانے کے فیصلے کا بھی امریکا کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here