کراچی: چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بینک الفلاح لمیٹڈ نعمان انصاری نے ذاتی وجوہات کی بناء پر جمعے کے روز بینک سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے جانے والے نوٹیفیکشن کے مطابق بینک الفلاح کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے 13 فروری 2020 کو نعمان انصاری کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
نوٹیفیکشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی تعیناتی کے متعلق قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹر سے نئے سی ای او کی بھرتی کے لیے درخواست کی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا کہ نئے سی ای او کی بھرتی تک نعمان انصاری بینک میں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ بنک الفلاح کے صدر اور سی ای او کے طور پر عاطف باجوہ کا نام فائنل کر لیا ہے اور وہ جلد ہی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
یاد رہے کہ عاطف باجوہ جون 2017 میں پانچ برس تک بنک الفلاح کے صدر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد ذاتی مصروفیات کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔