پاکستان ’بہت جلد ‘ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا: دفتر خارجہ

عالمی برادری میں ہمارے دوست بھی مدد کو تیارہیں، عائشہ فاروقی ، ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے اعتراف کے منتظر ہیں، حماد اظہر  

694

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے باہر آ جائے گا، عالمی برادری میں پاکستان کے دوست بھی مدد کرنے کو تیارہیں۔

جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کئی مرتبہ پیشکش کی گئی، اب اس پیشکش کو حقیقت کا روپ دیا جانا چاہیے۔ توقع ہے کہ امریکی صدر اپنے دورہ ہندوستان میں بھارتی قیادت سے اس مسئلے پر بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایف اے ٹی ایف کی شرائط سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کم از کم 12 قوانین میں ترامیم کرنا ہوں گی

امریکا کی طرف سے بھارت کو فضائی دفاع کے ہتھیاروں کے مربوط نظام کی فروخت کے فیصلے کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس سے پہلے سے مسائل کا شکار خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ بھارت کو ایسے جدید ہتھیاروں کی فروخت سے خطے میں اسٹریٹیجک توازن بگڑے گا اور اس کے پاکستان اور خطے کی سلامتی پر اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کےخلاف بھارت کی جارحانہ پالیسی، عزائم اور بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی قربانیوں کو ساری دنیا نے تسلیم کیا ہے، 5 اگست 2019 سے پہلے اور اس کے بعد کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے بھی پوری دنیا آگاہ ہو چکی ہے اور پاکستان ہر قیمت پر کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس کے تحفظ کیلئے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی معاونت اور تربیت دے گا

ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دوست مدد کر رہے ہیں اور جلد ہم ’گرے لسٹ‘ سے نکل آئیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو منی لانڈرنگ اور انسداد دہشتگردی سے متعلق قوانین متعارف نہ کرانے کی وجہ سے جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے گرے لسٹ میں ڈالا تھا، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے اپنے اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کرچکا ہے۔

گزشتہ ماہ بیجنگ میں ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کے اجلاس میں امریکا نے پاکستان کی حمایت کی تھی جس کے بعد 27 شرائط میں سے پاکستان کو 14 پر کلئیر کردیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ 12 فروری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے دو مقدمات میں مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس پر امریکا نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا یہ اقدام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نام کے اخراج میں معاون ثابت ہو گا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس پیرس میں 16 فروری کو ہوگا جس میں فیصلہ کیا جائیگا کہ پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں برقرار رکھنا ہے یا بلیک لسٹ میں ڈالنا ہے۔

دوسری جانب وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کی جلد از جلد تکمیل کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک تکنیکی مسئلہ ہے اس لیے کسی حتمی فیصلے یا قیاس آرائیوں کی بجائے ہم ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے اعتراف کے منتظر ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here