اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ترک صدر رجب طیب اردگان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، نور خان ائیر بیس پر وزیر اعظم عمران خان اور انکے وزراء نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔
ترک خاتون اوّل بھی رجب طیب اردگان کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم عمران خان مہمانوں کی گاڑی خود چلا کر وزیراعظم ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے جہاں ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدر اردگان کے 60 رکنی وفد میں 34 ترک کمپنیوں کے سی ای اوز اور سربراہان بھی شامل ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ترک ہم منصب طیب اردوان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین کاروباری اور تجارتی کو مزید فروغ دینا ہے۔
صدر اردگان 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور صدر پاکستان، وزیر اعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔
وہ پاک ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے جس میں دونوں ممالک کے سرمایہ کار اور تاجر شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ترکش کمپنی کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے کی منظوری، گیس کی قیمتوں کو بریک:ای سی سی
اس دوران ترک سرمایہ کار اور کمپنیوں کے سربراہان پاکستانی حکام اور تاجروں سےملاقاتیں کرینگے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، دفاع، توانائی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر مذاکرات ہونگے۔
دونوں رہنما پاک ترک اسٹریٹجک تعاون کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنما متعدد اہم معاہدوں پر تحریری یاداشت پر دستخط کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اردگان کا دورہ پاکستان، 34 ترک کمپنیوں کی آمد متوقع، سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے طے پانے کا امکان
اس سے قبل جمعرات کو اسلام آباد میں ترک سفیر مصطفیٰ یرداکل (Mustafa Yurdakul) نے جنرل مینجر کوکا کولا پاکستان احمت کرساد ارٹن (Ahmet Kursad Ertin) کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان میں کوکا کولا کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ کمپنی کو کاروبار میں توسیع کیلئے ہر قسم کا تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل GSMA اور چیئرمین کوکا کولا کی الگ الگ ملاقات، ڈیجیٹل پاکستان اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال
پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید فروغ پذیر ہوں گے۔