اسلام آباد: وزیر برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ عمران خان کی متحرک قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کے سربراقتدار آنے کے بعد پاکستان پوسٹ کے ریونیوز میں ایک سال کے اندر سات ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے تباہ حال معیشت کو بچا لیا ہے جیسا کہ تمام ادارے دیوالیہ ہونے کے قریب تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد تمام اداروں بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، پاکستان ریلویز اور پاکستان سٹیل ملز کو منافع بخش بنانا ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو بدترین حالات اور قرضوں میں جکڑا ہوا چھوڑ کر گئی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا، گزشتہ حکومتوں نے ملک کو بے رحمی سے لوٹا ہے اور ملکی معیشت کو تباہ حال کر دیا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ 2019 معاشی استحکام کا سال تھا اور مستحکم معیشت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ثمرات آنے والے دنوں میں برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا، پانچ اعشاریہ سات ملین خاندانوں کو انصاف صحت کارڈ فراہم کیے گئے ہیں جس کے تحت وہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 7,20,000 روپے تک کا علاج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، حکومت نے احساس پروگرام کے لیے 192 ڈالر مختص کیے ہیں تاکہ ملک کے پچھڑے ہوئے طبقات کو مدد فراہم کی جا سکے، وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے دائرہ کار میں کم از کم 135 پروگرام آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے باعث ملک میں سیاحتی سرگرمیاں دگنا ہو گئی ہے کیوں کہ موجودہ حکومت نے دنیا بھر میں موثر انداز سے ملک کا مثبت تاثر اجاگر کیا ہے۔
مراد سعید نے کہا، موجودہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، ٹیکسٹائل ملیں کھولی گئی ہیں اور دیگر شعبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار اب پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا، ماضی میں گیس اور بجلی کے کنکشنز پی پی آر اے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیئے گئے جو ملک کو 25 سال گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا، عمران خان نے 2016 میں اس بارے میں محسوس کر لیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ عناصر کے احتساب پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ملکی خزانے کی لوٹ مار میں ملوث تمام عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔