کیا آئی ایم ایف کی پالیسیاں واقعی پاکستانی معیشت کو تباہ کررہی ہیں؟ وزارت خزانہ کا جواب سامنے آگیا

673

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں اور اصلاحاتی پروگرام ، جو کہ آئی ایم ایف کے تعان سے نافذ کیاجا رہا ہے، مکمل طور پر اکنامک مینجمنٹ کے اصولوں کے مطابق ہے جس کا مقصد پہلے مرحلے میں ملک میں معاشی استحکام پیدا کرنا ہے۔

وزارت خزانہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ آئی ایم ایف کی پالیسیاں پاکستان کو معاشی تباہی کی جانب لے جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف کی پالیسیاں پاکستان کے لیے معاشی تباہی کا باعث: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا انتباہ

وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معاشی استحکام کے بعد اگلا مرحلہ معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنا اور پھر پائیدار ترقیاتی اہداف حاصل کرنا ہے۔

فنانس ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت ثمرات پہلے ہی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے معاشی اشاریوں میں واضح بہتری آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم  ہوچکے ہیں اور رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ہی مالیاتی خسارہ میں واضح کمی آچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص صوبائی اور وفاقی بجٹ مکمل طور پر خرچ کرے: آئی ایم ایف

ٹیکس آمدن میں کمی کو پاکستان کے معاشی مسائل کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے فنانس ڈویژن نے کہا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پائے بغیر اقتصادی خوشحالی کا خواب پورا ہونا ممکن نہیں۔ ٹیکس آمدن میں اضافے اور ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی متعارف کرائی گئی ہے۔

فنانس ڈویژن کے مطابق کم آمدن والے طبقات کو معاشی استحکام سے متعلق جاری کوششوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے ،انکے سماجی تحفظ اور انکم سپورٹ کو ممکن بنانے اورتعلیم و صحت جیسی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت نے کافی وسائل مختص کیے ہیں ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here