لاہور : پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن ’’ائیرسیال‘‘ ڈومیسٹک روٹس پر کمرشل فلائٹس کا آغاز جون 2020ء میں جبکہ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن آئندہ سال دبئی سے کرے گی۔
ائیر سیال سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی کچھ کاروباری شخصیات نے شروع کی ہے ، یہ نجی شعبے کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی پاکستان کی تیسری ائیرلائن ہے، اس سے قبل دو پرائیویٹ ائیرلائنز Serene ائیر اور ائیربلیو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل روٹس پر پروازیں چلا رہی ہیں۔
خلیج ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق ائیر سیال ابتداء میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد کیلئے ہفتہ وار پروازوں کا آغاز کرے گی اور اس کے بعد کوئٹہ اور پشاور کیلئے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ائیرلائن انٹرنیشنل روٹس پر دبئی سے آئندہ سال فلائٹ آپریشنز کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
حال ہی میں وفاقی کابینہ نے ائیر سیال کو ائیر آپریشن سرٹیفکیٹ (AOC) حاصل کرنے میں ناکامی پر ہونے والا جرمانہ معاف کردیا ہےاور اسے فلائٹس شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کسی بھی ائیر لائن کو ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کیلئے کم از کم تین طیاروں کی ضرورت ہوتی ہے ۔
ائیرسیال نے حال ہی میں نیویارک کی ایک کمپنی ائیر کیپ (AerCap) کیساتھ تین ائیربس A320 طیاروں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو کہ 2020 کے وسط میں کمپنی کو مل جائیں گے۔ انٹرنیشنل آپریشنز کیلئے ائیرلائن مزید دو طیارے حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔
ائیرسیال کے چیئرمین فضل جیلانی نے بتایا کہ ائیرکیپ نے پاکستان میں ایوی ایشن کی ترقی پذیر مارکیٹ کو پہچانا ہے اورسیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ائیر کیپ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو معیار کی بلندیوں تک لیکر جائیں گے اور ائیرسیال پاکستان کا فخر بنے گی۔
دوسری جانب StrategicAero Research کے چیف اینالسٹ ساج احمد کہتے ہیں کہ ائیرسیال کیلئے حقیقی چیلنج یہ ہوگا کہ وہ کیسے فلائٹ آپریشنز کو تسلسل کیساتھ جاری رکھنے کیلئے سرمایہ باہم پہنچاتی ہے اور پی آئی اے کا مقابلہ کرنے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے کس طرح پروازوں کیلئے وقت حاصل کرتی ہے۔