بجلی سستی کرنے کیلئے نیا ٹیرف پلان متعارف کروانے کا امکان، منظوری آئی ایم ایف سے لینا ہوگی

فکس ٹیرف کے تحت بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ کمی ہوگی جو آئندہ 18 ماہ تک برقرار رہے گی، گردشی قرضہ بھی نہیں بڑھے گا

674

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں سے متعلق نیا پاور ٹیرف پلان متعارف کرائے جانے کا امکان ہےتاکہ مہنگائی میں پستے عوام کو کچھ ریلیف دیا جا سکےتاہم اس پلان کی منظوری آئی ایم ایف سے لینا ہوگی۔

جمعرات کو مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی کے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بجلی کے ٹیرف کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں ، صارفین کو ریلیف دینے کیلئے آئندہ ڈیڑھ سال تک ایک مختص پاور ٹیرف کی تجویز بھی اجلاس کو پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:  قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی: حفیظ شیخ

جس پر مشیر خزانہ نے توانائی ڈویژن کو کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک ایسا پاور ٹیرف مرتب کیا جائے جس سے بجلی کی قیمتوں میں بتدریج کمی کرکے صارفین کو مہنگائی میں ریلیف دیا جا سکے۔

ایک اخباری رپورٹ کے مطابق فکس پاور ٹیرف طریقہ کار کے تحت بجلی کی قیمتوں کو آئندہ 18 ماہ تک برقرار رکھا جائے گا اور ان میں تبدیلی نہیں ہوگی، بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ کمی کی جائے گی اور گردشی قرضہ بھی نہیں بڑھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  2030ءتک 80 فیصد بجلی متبادل ذرائع سے پیدا کی جائے گی: عمر ایوب

اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کی قیمتوں میں سمتبر 2020 سے کمی آنے کا امکان ہے اور 25-2024 تک اس میں اوسطاً 3 روپے فی یونٹ کی کمی ہوجائے گی۔

یوں مجموعی طور پر 25-2024 تک بجلی کی قیمت 15 روپے 30 پیسے فی یونٹ سے کم ہو کر 12 روپے 50 پیسے فی یونٹ جبکہ صنعتی ٹیرف کے 17 روپے سے کم ہو کر 14 روپے فی یونٹ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

مذکورہ تجویز پاور ڈویژن اور اسکی سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی کی جانب سے سامنے آئی ہے ۔ تاہم اسکی منظوری آئی ایم ایف سے لینا پڑے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here