کورونا وائرس :بھارت نے چینی کار ساز کمپنیوں کے نمائندوں کو آٹو شو میں شرکت سے روک دیا

790

نئی دہلی: بھارت نے کورونا وائرس کی وجہ سے چینی کار ساز کمپنیوں کے نمائندوں کو رواں ہفتے ہونے والے آٹو شو میں شرکت سے روک دیا۔  آٹو شو میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی نمائش کی جائے گی۔

اس حوالے سے سوسائٹی آف انڈین آٹو موبائل مینوفیکچررز کے صدر راجن وادھرا  نے  ایک بیان میں کہا ہے کہ موٹر شو 2020 میں چین سے کوئی وزٹر یا وفد شرکت نہیں کریگا۔‘‘

چین میں کورانا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب ہو چکی ہےاور اس وبا کے عالمی سطح پر پھیلائو کی وجہ سے چین نے سفری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر رکھی ہیں، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکام نے آٹو شو میں چینی شہریوں کو شرکت کرنے سے روک دیا ہے۔

چینی آٹو کمپنیوں نے بھی تصدیق کی ہے کہ آٹو شو کے دوران ان کے چینی سٹاف کی جگہ بھارتی سٹاف کام کریگا۔

چین کی ایس اے آئی سی موٹر کارپوریشن، گریٹ وال موٹر کمپنی اور FAW ان کمپنیوں میں شامل ہیں جنہوں نے آٹو شو میں شرکت کرنا ہے، اس کے علاوہ چین سے 300 آٹو پارٹس بنانے والی کمپنیاں بھی شریک ہونگی۔

بھارت میں بھی کورونا وائرس کے تین کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، اسی ضمنی میں سوسائٹی آف انڈین آٹو موبائل مینوفیکچررز نے شرکاء کیلئے ناصرف ایک ہدایت نامہ جاری کیاہے  بلکہ نمائش کے مقام پر فرسٹ ایڈ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔

بدھ کو آٹو شو کے پہلے دن اکثر شرکاء اور صحافیوں نے سرجیکل ماسک پہن کر شرکت کی۔

اسی طرح آٹو موٹیو کمپوننٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف انڈیا (ACMA)نے الگ سے ایک نمائش کا اہتمام کر رکھا ہے جس میں حصہ لینے والی 30 چینی کمپنیوں میں چینی نمائندوں کی جگہ بھارتی سٹاف شرکت کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس بار بھارت کے اس سب سے بڑے آٹو شو میں Fiat  Crysler، ہونڈا اور نسان موٹرز سمیت بڑی جاپانی اور یورپی کار ساز کمپنیوں کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں بھارتی صارفین کو متوجہ کرانے کی کوشش میں ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here