اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یہ وضاحت کی ہے کہ ایف بی آر کے سربراہ کا عہدہ خالی نہیں ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان اور ممبر (آئی آر پالیسی) ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے سربراہ شبر زیدی فی الحال طبی بنیادوں پر چھٹیوں پر ہیں اور وہ صحت یاب ہوتے ساتھ ہی ایف بی آر کے سربراہ کے طور پر دوبارہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
انہوں نے کہا، ایف بی آر کے سربراہ کا عہدہ خالی نہیں ہے۔ گریڈ 22 کی افسر نوشین جاوید امجد، شبر زیدی کی عدم موجودگی ان کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں اور اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے 31 جنوری 2020 کو نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔
ایف بی آر کے ترجمان نے میڈیا کو حکومتی معاشی ٹیم اور پاکستان کے دورے پر آئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے وفد کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کرنے سے انکار کر دیا۔
ترجمان کے مطابق، اطراف میں چھ ارب ڈالر کے پیکیج کی تیسری قسط کے اجرا کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا، ایف بی آر نے قرض کی تیسری قسط کے حصول کے لیے جاری مذاکرات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ انہوں نے ایف بی آر کے حکام کے حوالے سے میڈیا میں چل رہے تمام بیانات کی تردید کی۔
میڈیا کے مطابق، آئی ایم ایف اور ایف بی آر کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور منگل کو شروع ہوا۔ میڈیا کے مطابق، میٹنگ میں منی بجٹ اور ریونیو اہداف کے حوالے سے درپیش ایشوز پر بات ہوئی۔