مصری کمپنی کی پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی

617

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر احمد فادل یعقوب نے کہا ہے کہ مصر کی کمپنی السویدی الیکٹرک نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مصر کی چند بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جس نے بہت سے ملکوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ مصر کے سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے عرب نیوز کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ہم پاکستان کی کاروباری تنظیموں اور بالخصوص چیمبر آف کامرس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ مصر کے کاروباری دوروں کا اہتمام کریں۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس پہلے ہی اگلے چند ہفتوں میں مصر میں وفد بھیجنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، دونوں ملکوں یا ان کی نجی کمپنیوں کی کسی بھی نوعیت کی کاروباری سرگرمیوں کو سفارت خانے کی جانب سے ہمیشہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔

 احمد فادل یعقوب نے کہا، یہ کوئی مشترکہ منصوبہ یا انفرادی کمپنیوں کی جانب سے کیا جانے والا کوئی اقدام بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، اس سے کسی بھی طور پر دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہو گا، اور ان کا سفارت خانہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔

مصری سفیر نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اچھے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اطراف نے ہمیشہ متنوع شعبوں میں تعاون کیا ہے۔ احمد فادل یعقوب نے کہا، مصر کے دو نہایت اہم کاروباری وفود نے حال ہی میں سرمایہ کارانہ مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا، مصر کے دو اہم کاروباری وفود حال ہی میں پاکستان کے دورے پر آئے جن میں بہت سی بڑی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ ان میں سے ایک مصری ارب پتی نجیب ساورس بھی تھے جو پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں لیکن متعلقہ حکام کے ساتھ مزید سرمایہ کاری پربات کرنا چاہتے تھے۔

مصری سفیر نے کہا، مصر پاکستانی شہریوں کو کسی بھی مقصد کے لیے مصر کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہتا ہے، اس کا مقصد چاہے سیاحت ہو، یہ کاروباری دورہ ہو یا مصر کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لینا مقصود ہو۔

احمد فادل یعقوب نے کہا، ان کا ملک دنیا بھر کے سیاحوں کو خوش آمدید کہنے میں فخر محسوس کرتا ہے اور 2019 میں مصر نے پاکستانی شہریوں کو چار ہزار سے زیادہ ویزا جاری کیے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا، گزشتہ برس ہم نے پاکستانی شہریوں کو چار ہزار سے زیادہ ویزا ایشو کیے جن میں اکثریت سیاحتی ویزوں کی تھی۔ ان میں آفیشل یا سفری پرمٹ شامل نہیں ہیں جو سفارت کاروں اور مختلف وفود کے ارکان کو جاری کیے گئے۔

مصری سفیر نے آگاہ کیا کہ 83 پاکستانی گزشتہ ہفتے سیاحتی ویزا حاصل کرنے کے بعد مصر کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ ایک معمول کی سرگرمی ہے جیسا کہ سفارت خانہ پاکستانی شہریوں کے بڑے گروپس کی جانب سے مستقل بنیادوں پر عرب ملکوں کا مختلف مقاصد کے لیے دورہ کرنے کے لیے درخواستیں وصول کرتا رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، بہت سے لوگ مصر کے ثقافتی مقامات کا دورہ کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ ملک کی ایک متنوع تاریخ ہے۔ ملک میں اسلامی ورثے کے آثار بھی موجود ہیں، قدیم تاریخ جا بجا بکھری ہوئی ہے اور جدید ساحل بھی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here