اسلام آباد: مسابقتی کمیشن نے پولیکون پاکستان (Polycon Pakistan) نامی تجارتی کمپنی کا برانڈ نام، رجسٹرڈ ٹریڈ مارک اور دیگر ڈیزائن کاپی کرنے پر تجارتی کمپنی ارشاد ٹریڈنگ کارپوریشن (Irshad Trading Corporation) کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپنیاں قانون کی خلاف ورزی سے بچنے، کاپی رائٹس کے تحفظ اور کنفیوژن سے محفوظ رہنے کیلئے تحریری معاہدے کیا کریں۔
پولیکون نامی کمپنی نے مسابقتی کمیشن کو شکایت کی تھی کہ ارشاد ٹریڈنگ واٹر ٹینک فروخت کرنے کیلئے مارکیٹنگ مہم میں انکا رجسٹرڈ ٹریڈ مارک اور برانڈ استعمال کر کے اور خود کو پولیکون کیساتھ جوائنٹ وینچر کے طور پر پیش کرکے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔
مسابقتی کمیشن نے شکایت پر کارروائی شروع کی تو پولیکون کی جانب سے کہا گیا کہ ارشاد ٹریڈنگ ستمبر 2018ء تک اس کی مستند ڈسٹری بیوٹر رہی ہے جس کے بعد دسٹری بیوشن کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے، اس کے باوجود کمپنی فروری 2019ء تک انکا نام اور برانڈ استعمال کرکے دھوکا دہی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
مسابقتی کمیشن نے سیکشن 10 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ارشاد ٹریڈنگ کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے۔